منگلورو 30/ اگست (ایس او نیوز) منگلورو میں پیش آئے المناک حادثہ میں چلتی بس سے اچھل کر باہر سڑک پر گرنے سے کنڈکٹر کی موت واقع ہوگئی جس کے بعد شہر کے پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے بس مالکان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی بسوں میں اندر داخل ہونے اور باہر نکلنے کے راستے پر دروازے لگانے کا انتظام کریں تا کہ مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور آئندہ اس طرح کے حادثے کا امکان نہ رہے ۔
چلتی بس سے باہر گرنے سے کنڈکٹر کی موت واقع ہونے کا معاملہ آج ننتھور کے پاس پیش آیا ۔ مہلوک کنڈکٹر کی شناخت گرو (30 سال) کے طور پر کی گئی ہے جو منگلا دیوی سے کاٹی پلّا کی طرف روٹ نمبر 15 کی بس میں کنڈکٹر کی خدمات انجام دے رہا تھا ۔ بس کے پیچھے چل رہی کار کے ڈیش بورڈ کیمرے میں قید منظر سے پتہ چلتا ہے کہ بس کے دروازے کے پاس پائیدان (فوٹ بورڈ) پر کھڑا ہوا گرو ننتھور سرکل کے پاس اچھل کر سڑک پر گرا اور شدید زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لئے فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے دم توڑ دیا ۔
بسوں میں سفر کرنے والوں کے لئے حفاظتی نقطہ نظر سے کمشنر نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی حالت میں بشمول کنڈکٹر کسی بھی شخص کو بسوں کے دروازے کے پاس پائیدان پر کھڑا رہنے کی اجازت نہ دی جائے۔ خیال رہے کہ جنوبی کینرا اور اڈپی میں چلنے والی پرائیویٹ بسوں کے دخول اور خروج کے راستے پر دروازوں کے پٹ نہیں ہوتے اور اکثر کنڈکٹر اور مسافر پائیدان پر باہر تک لٹکتے ہوئے سفر کرتے نظر آتے ہیں۔ اگر اب پولیس کمشنر کی ہدایت پر سختی سے عمل کیا گیا تو اس قسم کے المناک واقعات پر روک لگ سکتی ہے ۔
دوسرے بسوں سے آگے نکلنے اور منٹوں کا تعین کرکے وقت پر اپنی منزل اور اسٹاپس تک پہنچنے کی دوڑ اور تیز رفتاری کے تعلق سے پولیس کمشنر نے بس مالکان اور ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ اس طرح کی مقابلہ آرائی اور تیز رفتاری کے بجائے سب سے زیادہ اہمیت مسافروں کے تحفظ کو دی جائے ۔ اپنے وقت کے شیڈول کی پابندی انسانی جانوں کی قیمت پر نہ کی جائے۔